اہم شخصیات دہشتگردوں کی ہٹ لسٹ پر، فوری سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت جاری

10:52 AM, 9 Aug, 2021

اسلام آباد: پاکستان کی کئی اہم شخصیات کو دہشتگردوں نے اپنی ہٹ لسٹ میں شامل کر لیا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر ایسی تمام وی وی آئی پی شخصیات کو اپنی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت کئی علمائے کرام، بیوروکریٹس اور سیاستدان دہشتگردوں کے نشانے پر ہیں۔ محرم الحرام کے دوران ان کو نقصان پہنچایا جا سکتا ہے، اس لئے پولیس حکام کی جانب سے لازمی احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب انعام غنی نے صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی پولیس کی مدد کیلئے مزید نفری بھیجنے کی منظوری دیدی ہے۔

خبریں ہیں کہ ایلیٹ فورس کو بھی الرٹ جاری کرتے ہوئے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں کہ ضرورت پڑنے پر ان کی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

آئی جی پنجاب کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز پر عمل کرتے ہی پولیس افسران چوکنا ہو چکے ہیں۔ انہوں نے فرداً فرداً تمام اہم شخصیات کو صورتحال سے مطلع کرتے ہوئے انھیں مشورہ دیا ہے کہ وہ اضافی احتیاط کرتے ہوئے اپنی سیکیورٹی کو لازمی بڑھائیں۔

اس کے علاوہ پولیس حکام نے ایسی تمام اہم شخصیات جو دہشتگردوں کی ہٹ لسٹ پر ہیں انھیں خود سے سیکیورٹی مہیا کر دی ہے۔

پولیس سربراہ کی جانب سے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی تمام کی سخت نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔

مزیدخبریں