بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن کے گھر پر بم کی جھوٹی اطلاع، 3 ملزم گرفتار  

08:07 AM, 9 Aug, 2021

ممبئی: انڈین پولیس نے بالی ووڈ کے اداکار امیتابھ بچن سمیت ریلوے سٹیشنوں پر بم کی جھوٹی افواہ اڑانے والے 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزموں نے جھوٹی اطلاع دی تھی کہ ناصرف ممبئی کے تین ریلوے سٹیشنز بلکہ لیجنڈری اداکار امیتابھ بچپن کے گھر کو بھی بم سے اڑایا جائے گا۔

اس اطلاع کے ملتے ہی بھارتی پولیس میں کھلبلی مچ گئی۔ حکام نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، خفیہ ایجنسیوں، بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے، فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی ٹیموں کو فوری طور پر تمام مقامات کی جانب روانہ کیا لیکن کافی تگ ودو کے بعد بھی انھیں مذکورہ جگہوں پر بم نہیں ملے۔

بھارتی پولیس کے مطابق یہ سرچ آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رہا لیکن جب پتا چلا کہ کسی نے فون کال کرکے جھوٹی اطلاع دی ہے تو انھیں سخت شرمندگی اٹھانا پڑی۔

اس کے بعد پولیس نے کھوج لگانا شروع کر دیا کہ اس شرارت کے پیچھے کون ہے؟ 

انڈین پولیس نے بتایا ہے کہ واقعہ 6 اگست کی شب پیش آیا۔ جب تقریباً نو بج کر پینتالیس منٹ پر کنٹرول روم کو ایک ٹیلی فون کال کرکے جھوٹی اطلاع دی گئی۔

ملزم نے ٹیلی فون کرکے دعویٰ کیا کہ ممبئی کے علاقوں دادر ریلوے سٹیشن، چھترپتی شیواجی مہاراج سٹیشن، بائیکولا امیتابھ بچن کے بنگلے میں انتہائی مہلک بارود سے بھرے بموں کو نصب کیا جا چکا ہے۔

پولیس نے غلط خبر دینے والے شخص کی تلاش شروع کی تو پتا چلا کہ ملزم ایک ٹرک ڈارئیور ہے جس نے اپنے دیگر دو ساتھیوں کیساتھ مل کر یہ سار اڈرامہ رچایا۔

پولیس نے کال ٹریس کرکے موقع پر چھاپہ مارا تو تینوں ملزم شراب کے نشے میں دھت تھے۔ انھیں فوری طور پر وہاں سے گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا گیا۔

ابتدائی تفتیش میں تینوں ملزمان نے بموں کی جھوٹی اطلاع دینے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے شراب کے نشے میں یہ کام کیا تھا۔

مزیدخبریں