'بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب 27 فروری سے زیادہ سخت ہو گا'

'بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب 27 فروری سے زیادہ سخت ہو گا'
کیپشن: بھارت میں کشمیر کی صورتحال پر میڈیا میں بلیک آوٹ ہے، ترجمان پاک فوج۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی کوشش کی تو اس کا جواب 27 فروری 2019 سے زیادہ سخت ہو گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل آصف غفور نے انڈین آرمی کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا ایک اور جھوٹ بے نقاب ہو گیا۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال اور کشمیریوں پر وحشیانہ ظلم و ستم سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ناکام ہو گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت میں کشمیر کی صورتحال پر میڈیا میں بلیک آوٹ ہے جب کہ آزاد کشمیر غیر ملکی میڈیا اور اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کے لیے کھلا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے بھارت کو خبردار کیا کہ اگر کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی کوشش کی گئی تو پاکستان کا جواب 27 فروری 2019 سے زیادہ سخت ہو گا۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہزاروں بھارتی فوجی بہادر کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام رہے اور بھارت کی حالیہ کوششیں بھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے سوال کیا کہ کیا بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں ایسا ممکن ہے۔