نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل مظفر عباسی پر فائرنگ کا واقعہ

09:28 AM, 9 Aug, 2019

اسلام آباد: اسلام آباد میں تھانہ انڈسٹریل ایریا کی حدود سیکٹر آئی ایٹ تھری میں قومی احتساب بیورو کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل مظفر عباسی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل مظفر عباسی نے بتایا کہ وہ گلی میں واک کررہے تھے کہ اچانک انہیں گولی چلنے کی آواز آئی۔انہوں نے کہا کہ میں نے فائر کرنے والے کسی شخص کو نہیں دیکھا اور تھانہ انڈسٹریل پولیس کو اطلاع کی جو موقع پر پہنچ کر تفتیش کر رہی ہے۔

دوسری جانب چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

انہوں نے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی اطلاع فوری طور پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کو دی جائے۔

چیئرمین نیب نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور سردار مظفر عباسی کی سیکورٹی سخت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے نیب افسران و اہلکاروں کے حوصلے کمزور نہیں کر سکتے۔ ہم نے نہ پہلے کسی کی دھمکی کی پرواہ کی اور نہ اب کریں گے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب افسران محنت اور ایمانداری سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے قومی فرض سرانجام دیتے رہیں گے۔

مزیدخبریں