ریاض: وزارت محنت و سماجی بہبود نے ریٹیل سیکٹر کے 12شعبوں میں سعودائزیشن پر عملدرآمد کی تاریخیں دیدیں۔ وزارت نے سعودائزیشن کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے وضاحت طلب امور کی گائیڈ جاری کردی۔
علاوہ ازیں سعودائزیشن کے فیصلے میں شریک سرکاری اداروں کی جانب سے مختلف پروگراموں کا تعارف بھی دیدیا گیا۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ گاڑیوں اور سائیکلوں، تیار شدہ کپڑوں، بچوں کے کپڑوں، مردانہ اشیاءفروخت کرنے اور گھریلو و دفتری اشیاءفروخت کرنے والی دکانوں پر سیلز مین صرف اور صرف سعودی ہونگے۔ کسی بھی غیر سعودی مرد و عورت کو مذکورہ دکانو ںپر کام کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس فیصلے پر عملدرآمد یکم محرم 1440ھ سے شروع کردیا جائیگا۔ وزارت محنت نے آجروں اور اجیروں کے ذہنوں میں گرد ش کرنے والے ان تمام سوالات کے جوابات بھی گائیڈ بک میں دیدیئے ہیںجن کی بابت ابہام یا غموز پایا جاتا ہے۔
تفصیل کیلئے https://geo.gl/RYBMBf سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔ لنک پش کرنے پر گائیڈ بک سامنے آجائیگی۔ وزارت نے توجہ دلائی ہے کہ الیکٹرک کا سامان فروخت کرنے والی دکانوں گھڑیوں، چشموں ، میڈیکل اشیاءاور تعمیراتی سامان فروخت کرنے والی دکانوں کی سعودائزیشن یکم ربیع الاول 1440ھ سے ہوگی۔ جبکہ گاڑیوں کے فاضل پرزہ جات ، کارپیٹ اور مٹھائیوں کی دکانوں سے متعلق سو فیصد سعودائریشن کا فیصلہ یکم جمادی الاول 1440ھ سے نافذ کیا جائیگا۔
وزارت محنت نے یہ ا ہم فیصلے متعدد سرکاری و نجی اداروں کے تعاون و اشتراک اور تکمیل باہم کی حکمت عملی اپنا کر کئے ہیں۔ ورکشاپ منعقد کرکے نجی اداروں کے ارباب سے افکار لئے گئے۔ نجی اداروں کو بڑے پیمانے پر فیصلے کے عمل میں شریک کیاگیا۔ علاوہ ازیں نجی اداروں کو اقتصادی نظام میں اپنی شراکت بڑھانے کا زیادہ سے زیادہ موقع مہیا کیا گیا۔