آزادکشمیر ریڈیو کی زمین کا تنازعہ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے حل کر دیا

02:43 PM, 9 Aug, 2017

نیوویب ڈیسک

مظفرآباد:آزادکشمیر ریڈیو کی زمین کا تنازعہ ،ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعودالرحمان نے حل کر دیا،صحافتی تنظیموں کا خیرمقدم، ضلعی انتظامیہ نے ریڈیو کی زمین کی ملکیت تسلیم کرتے ہوئے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے ذمہ داران کو یقین دلایا کہ ریڈیو کی زمین کی ایک انچ پر بھی کسی کو قبضہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ سی ایم ایچ چوک سے ملحق ریڈیو کے علاقے میں دیوار تعمیر کرنے کے تنازعے پر ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمان اراضی کے مکمل ریکارڈ کے ساتھ تحصیلدار اور پٹواری ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔

اس موقع پر سٹیشن ڈائریکٹر آزادکشمیر ریڈیو مظفرآباد رشید احمد کو ضلعی انتظامیہ نے یقین دلایا کہ ریڈیو قومی ادارہ ہے جس کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے ۔ریڈیو گیٹ کے اندر دیوار ریڈیو کی زمین پر تعمیر کی گئی ہے دیوار سے پیچھے نیلم ویلی روڈ تک ساری اراضی ریڈیو کی ہے اس پر کسی کے قبضے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ضلعی انتظامیہ اس کی پوری ذمہ داری اٹھاتی ہے۔ دریں اثناء حساس اداروں کے ذمہ داران نے بھی مذکورہ اراضی کا معائنہ کیا اور اس پر ریڈیو کی ملکیت کو تسلیم کرتے ہوئے ریڈیو انتظامیہ کو یقین دہانی کروائی کہ قومی ادارے کی حفاظت بہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

اس موقع پر سٹیشن ڈائریکٹر رشید احمد نے ضلعی انتظامیہ اور حساس اداروںکا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ریڈیو کی اراضی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مثبت اور جاندار کردار ادا کیا۔یونین آف جرنلسٹس کے صدر سعید الرحمان صدیقی،سی یو جے کے صدر مسعود الرحمان ،پریس کلب کے صدر سہیل مغل اور پریس فائونڈیشن کے بانی صدر سردار ذوالفقار نے ریڈیو کی اراضی کے معاملہ کو یکسو کروانے پر ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کا شکریہ ادا کیا ہے۔

مزیدخبریں