اسکینڈل کوئین راکھی ساونت کے ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری جاری

01:24 PM, 9 Aug, 2017

ممبئی: بھارتی عدالت نے بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ اور اسکینڈل کوئین راکھی ساونت کے ایک بار پھر وارنٹ جاری کر دئیے گئے۔ بالی ووڈ میں اپنے بے باک بیانات کے حوالے سے مشہور اداکارہ راکھی ساونت کی پریشانیوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

وہ ایک پریشانی سے باہر نکل نہیں پاتیں کہ دوسری پریشانی میں مبتلا ہو جاتی ہیں۔ کچھ عرصہ قبل راکھی ساونت نے ایک ٹیلی ویژن پروگرام کے دوران رامائن کے مصنف والمکی کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کے باعث سخت مشکلات کا شکار ہو گئی تھیں اور آج تک ان مسائل سے پیچھا نہیں چھڑا سکی ہیں۔

والمکی کیس میں کئی بار راکھی ساونت کے وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں لیکن وہ ہر بار ضمانت قبل از گرفتاری کے باعث بچ جاتی ہیں لیکن اس بار ان کا بچنا مشکل نظر آ رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لدھیانہ کی ہائی کورٹ نے راکھی کو 7 اگست کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا لیکن ان کے وکیل نےعدالت میں پیش ہو کر راکھی کے نہ آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اداکارہ بھارت میں موجود نہیں ہیں جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنی موکلہ کی ضمانت میں توسیع کی بھی درخواست دائر کی تاہم عدالت نے ان کی ضمانت میں توسیع سے انکار کرتے ہوئے ایک بار پھر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔

یاد رہے کہ راکھی ساونت نے رامائن کے مصنف والمکی کا موازنہ بھارتی گلوکار ملکھا سنگھ سے کیا تھا جس پر لدھیانہ کی عوام نے اداکارہ کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ یہاں تک کہ لدھیانہ کی ہائی کورٹ کو راکھی ساونت کے خلاف لوگوں کے جذبات مجروح کرنے کے الزام میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پڑے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں