سکھر موٹروے کی جلد تکمیل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ،وزیراعظم کی مراد علی شاہ کو یقن دہانی

05:45 PM, 9 Apr, 2025

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ حیدرآباد - سکھر موٹروے کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی اور اس منصوبے سے متعلق سندھ کے تحفظات درست اور قابل توجہ ہیں۔

یہ یقین دہانی ایک جوابی خط کے ذریعے دی گئی، جو وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے موٹروے منصوبے پر تحفظات ظاہر کرنے کے بعد تحریر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ان کی ذاتی ترجیحات میں شامل ہے بلکہ جلد اسے پی ایس ڈی پی (پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام) کا باقاعدہ حصہ بنایا جائے گا۔

خط میں شہباز شریف نے واضح کیا کہ سندھ حکومت کے خدشات درست ہیں اور وفاق اس اہم موٹروے منصوبے پر جلد پیش رفت کرے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی نے اس منصوبے کو نظرانداز کرنے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر قرۃ العین مری نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک کراچی-سکھر موٹروے پر کام شروع نہیں ہوتا، دیگر منصوبے روک دیے جائیں۔

قبل ازیں، وزیراعلیٰ سندھ نے 14 جنوری کو وزیراعظم کو خط لکھ کر مؤقف اختیار کیا تھا کہ حیدرآباد - سکھر موٹروے کی عدم موجودگی سے اندرونِ ملک آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی اتحادی حکومت نے ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں سندھ کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔

خط میں اعداد و شمار دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ وفاقی ترقیاتی بجٹ کا 38 فیصد پنجاب جب کہ صرف 4 فیصد سندھ کے لیے رکھا گیا ہے۔ NHA کے 105 منصوبوں میں سے سندھ کے صرف 6 منصوبے شامل کیے گئے، جب کہ پنجاب کے لیے 33 منصوبے مختص کیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں