جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کو 31 سال قید کی سزا

08:42 AM, 9 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کو دو مزید مقدمات میں مجموعی طور پر 31 سال قید،  جرمانہ اور جائیداد ضبطی کی سزا سنا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز بٹر نے حافظ سعید کیخلاف مقدمات کی سماعت میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ اور جرح کا عمل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں سی ٹی ڈی لاہور اور ساہیوال کی طرف سے درج مقدمہ نمبر 90/19 اور 21/19 پر سماعت ہوئی۔ مقدمہ نمبر 90/19 میں ساڑھے سولہ اور مقدمہ نمبر 21/19 میں ساڑھے پندرہ سال قید کی سزا سنائی گئی۔

عدالت نے حافظ سعید کو  31 سال قید،  3 لاکھ 40 ہزار روپے جرمانہ اور جائیداد ضبطی کی سزا سنائی جبکہ حافظ سعید کی طرف سے فنڈز کے ذریعے جس مسجد و مدرسہ کی تعمیر کی گئی  اسے بھی سرکاری تحویل میں لینے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ  حافظ سعید جولائی 2019 سے گرفتار ہیں اور انہیں دیگر ملزمان سمیت  اس سے پہلے بھی مختلف  مقدمات میں سزائیں سنائی جا چکی ہیں ۔

مزیدخبریں