اسلام آباد: سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہونے جا رہا ہے جس میں وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ بھی ہو گی۔
تفصیلات کےمطابق سپریم کورٹ کی جانب سے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا تھا اور قومی اسمبلی کو بحال کرتے ہوئے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد کو بھی برقرار رکھا تھا جس کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح ساڑھے دس بجے بلانے کے احکامات جاری کیے تھے۔
اعلیٰ عدالت کے تحریری حکم نامے کے بعدقومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ڈپٹی اسپیکر کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا حکم نامہ واپس لے لیا اور اب قومی اسمبلی کااجلاس آج دوبارہ ساڑھے 10 بجے بلایا ہے جس کے چھ نکاتی ایجنڈے میں اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر آرٹیکل 95 کے تحت ووٹنگ بھی ہو گی، اجلاس کے ایجنڈے میں وقفہ سوالات، دو توجہ دلاؤ نوٹس اور ایک نکتہ اعتراض بھی شامل ہے۔
دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے صبح 9 بجے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا ہے جس کی صدارت شہبازشریف کریں گے جس میں اپوزیشن تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ روکے جانے سے نمٹنے کیلئے اپنی حکمت عملی تیار کرے گی۔