لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف نے کہا پوری قوم کی نظریں ڈسکہ پر ہیں کیونکہ یہ بائیس کروڑ عوام کے جذبات کی نمائندگی کرنے جا رہا ہے۔ ڈسکہ کی عوام ووٹ کے ذریعے ان معصوموں کا بدلہ لے گا جن کا خون ووٹ پر ڈاکا ڈالنے کے لئے بہایا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا اللہ نے ڈسکہ کے عوام کو اس ووٹ چور حکومت سے بدلہ لینے کا ایک اور موقع دیا ہے جس حکومت نے غریب سے روٹی ، پاکستان سے اس کی ترقی اور پاکستان کا اصل مقام چھین لیا ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ڈسکہ حکومت کا وہ خوف سچا ثابت کرے گا کہ جس کی وجہ سے بائیس پولنگ سٹیشنز پر الیکشن کمیشن کے اہلکار اغوا ہوئے تھے۔ ڈسکہ پوری قوم کے جذبات کی نمائندگی کرتے ہوئے ووٹ کے ذریعے اس نااہل حکومت پر عدم اعتماد کرے گا جس کی وجہ سے ملکی بقا اور سلامتی کا خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈسکہ جھوٹے وعدے کرنے والے ان عناصر کو بے نقاب کرے گا جو تین سال میں پاکستان کو تیس سال پیچھے لے گئے۔ ڈسکہ کے غیور عوام ناصرف ووٹ کو عزت دلائیں گے بلکہ اپنے ووٹ پر پہرا دینے کیساتھ ساتھ پولنگ عملے کے تحفظ کے لئے بھی پہرا دینگے تاکہ کوئی نہ تو ووٹ کے حرمت کے ساتھ کھلواڑ کر سکے اور نہ ہی ووٹ کی بے حرمتی کے لئے پولنگ عملے کو اغوا کر سکے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں انتخابی معرکہ کل ہونے جا رہا ہے جس میں ن لیگ اور تحریک انصاف کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے نوشین افتخار جب کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے علی اسجد ملہی میدان میں ہیں اور دونوں امیدواروں کی جانب سے ضمنی الیکشن میں کامیابی کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔
الیکشن سے چند گھنٹے قبل پیپلز پارٹی نے پاکستان مسلم لیگ ن کی امیدوار نوشین افتخار کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ڈسکہ الیکشن میں حکومتی امیداوار کو انتہائی ٹف ٹائم مل سکتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ن لیگ کو ووٹ دینے کے اپنے وعدے پر قائم ہیں۔