ملتان :ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کرد یا .
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں انتخابی معرکہ کل ہونے جا رہا ہے جس میں ن لیگ اور تحریک انصاف کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے نوشین افتخار جب کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے علی اسجد ملہی میدان میں ہیں اور دونوں امیدواروں کی جانب سے ضمنی الیکشن میں کامیابی کے دعوے کیے جا رہے ہیں،اب الیکشن سے چند گھنٹے قبل پیپلز پارٹی نے پاکستان مسلم لیگ ن کی امیدوار نوشین افتخار کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے ،جس کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ڈسکہ الیکشن میںحکومتی امیداوار کو انتہائی ٹف ٹائم مل سکتا ہے ۔
پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ن لیگ کو ووٹ دینے کے اپنے وعدے پر قائم ہیں۔
دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈسکہ کی عوام پہلے کی طرح گھروں سے نکلیں اور شیر پر مہر لگائیں ،عوام زیادہ سے زیادہ جو ش و جذبہ سے اس الیکشن میں حصہ لے کر دشمن اور جعلی حکومت کو گھربھیجیں ،رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف، کوڑے کے ڈھیروں اور لاقانونیت کے خلاف اپنے ووٹ کا استعمال کریں،عوام اپنا ووٹ آٹا ،بجلی اور گیس چوروں کیخلاف استعمال کریں ۔