پاکستان میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کسی بھی سینٹر سے کورونا ویکسین لگوا سکتے ہیں، این سی او سی کی نئی گائیڈ لائنز جاری

09:09 PM, 9 Apr, 2021

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کے حوالے سے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں جن کے مطابق اب 65 سال یا زائد عمر کے افراد کسی بھی سینٹر سے ویکسین لگوا سکتے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی نئی گائیڈ لائنز کے مطابق 65 سال سے زائد عمر کے افراد اپنے شناختی کارڈ کے ہمراہ کسی بھی کورونا سینٹر سے ویکسی نیشن کروا سکتے ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث مثبت کیسز کی شرح میں بے حد اضافہ ہوا جن کے سدباب کیلئے اقدامات اٹھائے جانے کیساتھ ساتھ ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ 
این سی او سی کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق 9 اپریل کو ملک بھر میں 5,312 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 105 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 15,229 ہو گئی ہے جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد سات لاکھ 10 ہزار 829 تک پہنچ گئی ہے۔ 
واضح رہے کہ کورونا ویکسی نیشن کیلئے ملک بھر میں قائم کئے گئے سینٹرز میں ہفتہ وار چھٹی کیلئے جمعہ کا دن منتخب کیا گیا ہے اور اس دن صرف ویکسی نیشن کی سینٹرز میں منتقلی اور دیگر امور نمٹائے جائیں گے جبکہ اتوار کے روز ویکسی نیشن کا عمل جاری رہے گا۔ 

مزیدخبریں