لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹی 20 سیریز میں جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم میں کئی اہم کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کے باوجود بھی اسے آسان حریف نہیں سمجھیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق 40 سالہ محمد حفیظ جنوبی افریقہ کیخلاف ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کیلئے قومی ٹیم کا حصہ نہیں تھے تاہم انہوں نے سیریز کے دوران ٹاپ آرڈر کی جانب سے انتہائی عمدہ کارکردگی کی خوب تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی وجہ سے جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم میں اہم کھلاڑی موجود نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود پروٹیز ہوم کنڈیشنز میں مشکل حریف ثابت ہو گی، اسے آسان نہیں لیا جا سکتا۔‘
اس موقع پر انہوں نے فخر زمان کو بیٹ تحفے میں دینے کے معاملے پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ ’فخر زمان کے بیان کے بعد میرے بیٹ کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے اور ہزاروں بیٹس کی ضرورت ہے۔ بہرحال اصل کریڈٹ فخر زمان کو جاتا ہے جنہوں نے یہ ثابت کیا کہ پاکستانی ٹیم آسانی سے ہار تسلیم نہیں کرتی، ہمارا ٹاپ آرڈر شاندار فارم میں ہے تاہم مڈل آرڈر پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘
محمد حفیظ نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی 20 سیریز میں باﺅلنگ کرانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ ’میں ٹی 20 سیریز میں بطور آل راﺅنڈر پرفارم کرنے کیلئے پرامید ہوں۔ میں ایک روزہ میچز میں 10 اوورز کروا سکتا ہوں اور ٹی 20 میں چار اوورز بھی کرا سکتا ہوں۔ لیکن اس کا فیصلہ کپتان کرے گا کہ وہ مجھے چانس دینا چاہتا ہے یا نہیں۔‘