کاروبار میں آسانی کے لئے صدر نے اہم ایکٹ پر دستخط کردیئے

06:46 PM, 9 Apr, 2021

اسلام آباد،کاروبار میں آسانی کے لئے صدر نے اہم ایکٹ پر دستخط کردیئے ۔ ون ونڈوایکٹ سے کاروباری اخراجات میں واضع کمی ہوگی ۔ 

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ 2021 اور سینیٹ سیکریٹریٹ سروسز ترمیمی ایکٹ 2021 پر دستخط کر دیئے ۔ 

پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ کے تحت تجارت میں آسانی کے لیے خود مختار ادارہ قائم کیا جائے گا، جس کے بعد درآمدات، برآمدات، اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے سہولتیں ایک ہی نظام میں میسر ہوں گی۔

ایکٹ کے تحت اس ادارے کے قیام سے کاروباری اخراجات میں کمی ہوگی، سرحد پار تجارت آسان بنانے اور سامان کی تیز تر ترسیل میں مدد ملے گی، ڈیٹا کی بر وقت پراسیسنگ، اور معیاری خدمات میں بہتری آئے گی۔پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ کے تحت قائم ادارہ گورننگ کونسل اور سیکریٹریٹ پر مشتمل ہوگا۔

دوسری طرف سینیٹ سروسز ایکٹ کے تحت ادارے میں گریڈ 17 میں تقرری فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوگی، گریڈ ایک سے 16 میں تقرری کا مجاز سینیٹ سیکریٹریٹ ہوگا، جب کہ ڈیپوٹیشن پر آنے والے افسران سینیٹ سیکریٹریٹ میں ضم نہیں ہو سکیں گے۔

سینیٹ سیکریٹریٹ ایکٹ کے تحت گریڈ 18 میں افسران کی براہ راست بھرتی ختم کر دی گئی ہے، صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت بل کی منظوری دی۔

مزیدخبریں