سسرال کی طرف سے قبول نہ کرنے پر بھارتی اداکارہ کی خودکشی کی کوشش

05:24 PM, 9 Apr, 2021

ممبئی، سسرال کی طرف سے قبول نہ کرنے پر بھارتی اداکارہ کی خودکشی کی کوشش،بگ باس کناڈا سیزن 7 کی سابق کھلاڑی اور بھارتی کناڈا فلموں کی اداکارہ چیترا کوتورو نے شادی کی ناکامی پر زندگی کا خاتمہ کرنے کے لئے فینائل پی لی ۔ واقعے کے  بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  اداکارہ چیترا کوتورو نے بھارت کی جنوب مغربی ریاست کرناٹکا کے شہر مندیا سے تعلق رکھنے والے بزنس مین ناگ ارجنا سےچند روز قبل شادی کی تھی۔ تاہم ناگ ارجنا کے اہلخانہ نے ان کے رشتے کو قبول کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ان کی شادی کو ختم کردیا گیا۔ جب کہ ناگ ارجنا نے خود یہ الزام لگایا ہے کہ انہیں چند گروپس کی جانب سے اس شادی کو کرنے کے لیے زبردستی مجبور کیا گیا تھا حالانکہ انہیں اس شادی میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔

28 مارچ 2021 کو ناگ ارجنا اور اداکارہ چیترا کوتورو کی مندر میں شادی کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق  اداکارہ چیترا اور ناگ ارجنا کے درمیان مبینہ طور پر پچھلے دو سال سے تعلقات تھے۔ چیترا نے اپنے گھروالوں کی موجودگی میں مندر میں ناگ ارجنا کے ساتھ ایک سادہ تقریب میں شادی کی ۔ تاہم دولہے کے گھر والے اس تقریب میں موجود نہیں تھے۔ 

شادی کے بعد اداکارہ چیترا اپنے شوہر کے ہمراہ اپنے سسرال پہنچی جہاں اسے گھر کے اندر آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ دولہے کے اہلخانہ نے مبینہ طور پر اس جوڑے کی شادی کو غیر قانونی قرار دے کر انہیں گھر میں داخل نہ ہونے کا کہا تھا۔

اداکارہ چترا کوتورو نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں کہا ہے کہ ناگ ارجنا کے گھر والے مجھے پسند نہیں کرتے، انہیں میرے کام سے بھی مسئلہ ہے یہاں تک کہ انہوں نے ناگ ارجنا کو نہ چھوڑنے پر مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔

واضح رہے کہ چیترا کوتورو کناڈا زبان میں پیش کیے جانے والے رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 7 میں شامل ہوچکی ہیں۔ وہ اسکرپٹ رائٹر ہیں اور ماضی میں ٹی وی سیریلز کے لیے اسکرپٹ لکھتی رہی ہیں۔ انہوں نے ’’کچا سدیپ‘‘ نامی شو کی میزبانی بھی کی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے 2019 میں ریلیز ہونے والی کناڈا ڈراما فلم ’’سوجی دارا‘‘ میں ثانوی کردار ادا کیا تھا۔

مزیدخبریں