لاہور :پنجاب میں کورونا اور پولیو کے بعد ایک اور خطرناک بیماری نے دوبارہ سر اُٹھانا شروع کر دیا ،عالمی وبا کے اس قہر میں ایک دفعہ پھر ڈینگی نے سر اُٹھانا شروع کرد یا ۔
تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کی تیسری لہر نے جہاں پوری دنیا میں افرا تفری مچا رکھی ہے وہیں حکومت پاکستان کی پوری کی پوری مشینری بھی اس وبا سے نمٹنے میں لگی رہی لیکن دوسری طرف کورونا کی اس لہر میں ایک دفعہ پھر ڈینگی نے سر اُٹھا لیا ،محکمہ صحت کے مطابق کورونا وبا کی وجہ سے ڈینگی مہم متاثر ہوئی ہے جس سے عوام ڈینگی مرض کا شکار ہو رہے ہیں ۔
حکومت پنجاب کے مطابق لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 45 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ،محکمہ صحت کا کہنا ہے اس وقت حکومتی میشنری کا زیادہ فوکس کورونا سے اور پولیو کی مہم پرلگا ہوا ہے جس کی وجہ سے ڈینگی جیسے مرض سے نمٹنے کیلئے عملے کی کمی کا سامنا ہے ۔
پنجاب حکومت نے محکمہ صحت کے ساتھ مل کر ڈینگی کو قابو کرنے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے ،اس وقت لاہورشہر میں 15 سے زائد علاقوں کو ڈینگی کا ہاٹ سپاٹ قرار دیا جا چکا ہے ،ہسپتالوں میں ڈینگی کائونٹرزکو بھی ایک دفعہ پھر فعال کیا جا رہا ہے ۔
صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا ہاٹ سپاٹ کی زیادہ سے زیادہ نشاندہی کرکے ڈینگی لاروا کی تلفی کی جائے عوام نے جیسے کورونا جیسی عالمی وبا سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے بالکل ویسے ہی ڈینگی ایس او پیز پر عملدر آمد کر تے ہوئے ڈینگی کو زیادہ سے زیادہ پھیلنے سے روکنے کیلئے تمام حفاظتی اقدامات کریں ،انہوں نے عوام سے اپنے گھروں، دکانوں اور دفاتر کو صاف ستھرا رکھنے کی اپیل کرتے ہو ئے کہا کہ گھر وں یا صحن میں کسی بھی جگہ کھلے پانی کو نہ رکھیں تاکہ ڈینگی کا لاروا نہ پھیلے ۔