لاہور :رمضان میں حکومت نے عوام کیلئے بڑی سہولت دیتے ہوئے انتہائی سستے داموں پر چینی فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ،پنجاب حکومت کی طرف سے رمضان بازاروں میں اس دفعہ چینی 65 روپے کلو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مہنگائی سے تنگ عوا م کیلئے حکومت نے سستے داموں اشیا ئے ضروریہ فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ،جس میں پنجاب حکومت کی طرف رمضان بازاروں میں چینی 65 روپے فی کلو فراہم کی جائے گی ،رمضان بازاروں میں 2 کلو چینی کا پیکٹ 130 روپے میں فروخت ہوگا،عوام کی سہولت کیلئے سبزیاں، پھل اور دالیں مارکیٹ کے مقابلے میں 25 فیصد سستی ہوں گی۔
واضح رہے رمضان کی آمد سے قبل ہی مارکیٹس سے چینی آٹا غائب ہو چکا ہے ،ذخیرہ اندوزوں نے رمضان کی آمد سے قبل ہی مارکیٹ سے چینی اور آٹا غائب کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ ماہ رمضان میں مہنگے داموں آٹا اور چینی کو فروخت کیا جا سکے ،لیکن حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کو بڑا جھٹکا دیتے ہوئے عوام کی سہولت کیلئے رمضان بازاروں میں انتہائی سستے داموں میں چینی اور آٹا فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت عوام انتہائی سستے داموں چینی با آسانی حاصل کر سکیں گے ۔
واضح رہے رمضان المبارک کی آمد میں چند ہفتے باقی ہیں مگر اس سے پہلے ہی ملک بھر میں مہنگائی کے طوفان نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے اور پشاور کے یوٹیلیٹی سٹورز سے آٹا اور چینی تو غائب ہی ہو گئے ہیں۔
عالمی وبا کے اس افرا تفری کے دور میں بھی ذخیرہ اندوزعوام کو پریشان کرنے سے باز نہیں آئے ، شہری پھل اور سبزی کی بڑھتی قیمتوں سے بھی پریشان ہیں اور غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ رمضان المبارک سے قبل سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں۔
فیصل آباد میں چینی کی فی کلو قیمت 110 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ لاہور کے یوٹیلٹی سٹورز پر 215 روپے لیٹر میں فروخت ہونے والا خوردنی تیل 271 کا ہوگیا ہے البتہ یوٹیلٹی سٹورز میں بازارکے مقابلے میں چینی ، دالیں اور آٹے کی کم قیمت پر فروخت جاری ہے۔
دوسری جانب پشاور کے یوٹیلٹی سٹورز سے آٹا اور چینی غائب ہوگیا ہے جو سرے سے دستیاب ہی نہیں جبکہ پانچ کلو گھی کے ڈبے کی قیمت 1500 روپے ہے۔ لوبیا فی کلو 200 روپے اور دال ماش فی کلو 250 روپے ہے جبکہ سیلہ چاول 139 روپے کلو اور بیسن 160 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔