لاہور :گلوکارہ میشا شفیع کو لاہور کی سیشن کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا ۔سیشن کورٹ نے اپیل پر فیصلے تک میشا شفیع کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔ ضلع کچہری میں سکیورٹی بونڈز جمع کروانے سے بھی روک دیا ۔
نیو نیوز کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے میشا شفیع کی اپیل پر سماعت کی ۔ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔میشا شفیع نے ضلع کچہری میں طلبی کو سیشن کورٹ میں چیلنج کررکھا تھا ۔
درخواست میں میشاشفیع نے موقف اختیار کیا کہ اپنے خاوند اور بچوں کے ہمراہ کینیڈا میں مقیم ہوں ۔علی ظفر کی مدعیت میں ایف آئی اے نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا ۔کورونا کی وجہ سے کینیڈین حکومت نے ایڈوائزری جاری کر رکھی ہے ۔ ابھی پاکستان آنا ممکن نہیں ۔
میشاشفیع نے کہا کہ ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہونے کو تیار ہوں۔سیشن کورٹ ویڈیو لنک کے زریعے عدالت میں پیش ہونے کی اجازت دے۔عدالت ضلع کچہری کی جانب سے ایک لاکھ کے سیکیورٹی بانڈز جمع کرانے کا حکم کو کالعدم قرار دے۔
واضح رہے کہ عدالت نے علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا کمپین چلانے اور الزام تراشی پر میشا شفیع کو دس اپریل کو طلب کیا تھاجس کے خلاف میشا شفیع نے سیشن کورٹ سے رجوع کیا تھا۔