نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ نے پیسے کے لیے غیر ملکی کرکٹرز اور بھارتی شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈال دی ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہرانتہائی شدت اختیار کر رہی ہے اور نئے متاثرین کی ریکارڈ تعداد سامنے آرہی ہے لیکن اس کے باوجود آئی پی ایل کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مقابلے چنئی، بنگلور، دہلی، ممبئی، کولکتہ اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے۔ جہاں وائرس میں شدت آگئی ہے۔ بھارت میں کورونا سے اب تک ایک لاکھ 65 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔
بھارتی روزنامے نے اپنی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سال آئی پی ایل کہیں ٹائم بم نہ بن جائے لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کے انعقاد پر کوئی خدشہ نہیں۔ خیال رہے کہ اب تک چار کھلاڑی اور ایک ٹیم کے عہدے دار میں کووڈ19کی تشخیص ہو چکی ہے ۔ افتتاحی میچ رائل چیلنجرز بنگلور اور ممبئی انڈینز کے درمیان ہوگا۔
دنیا بھر سے غیر ملکی کھلاڑی بھی آئی پی ایل میں شرکت کے لیے بھارت میں موجود ہیں۔پاکستان کے خلاف سیریز کو ادھورا چھوڑ کر کئی جنوبی افریقی کرکٹ بھی آئی پی ایل کھیلنے بھارت پہنچ چکے ہیں۔