مایوسی ہوئی،تکلیف پہنچی،دل ٹوٹا: آمنہ الیاس کی وزیر اعظم عمران خان پر تنقید

09:48 AM, 9 Apr, 2021

کراچی:  ماڈل اور اداکارہ آمنہ الیاس نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے بیان سے کتنا نقصان ہونے والا ہے، وہ اس کا کب احساس کریں گے۔

انسٹاگرام پر جاری ویڈیو  پیغام میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے گزارش ہے کہ برائے مہربانی اپنی بات پوری طرح سمجھائیں۔ جتنا فوکس آپ نے فحاشی پر کیا ہے اگر اس کا 50 فیصد بھی آپ قانون پر کریں گے تو یقیناً فرق پڑے گا۔

اداکارہ نے نے مزید کہا کہ جناح اور بھٹو کے بعد آپ ہی واحد وزیراعظم ہیں جس کی بات پورا پاکستان سنتا ہے۔ آپ نے کہا ارطغرل دیکھو سب نے دیکھا۔آپ نے کوئی خاص کتاب پڑھنے کا کہا سب نے عمل کیا۔مجھے لگتا تھا آپ مودی اور ٹرمپ کی طرح بےحس نہیں ہیں اس لئے آپ کو ووٹ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ  آپ کو ویسے بھی یوٹرن لینے کا بہت شوق ہے تو برائے مہربانی اپنا بیان واپس لیں ورنہ کم از کم میرے لئے آپ میرے وزیر اعظم نہیں۔ آمنہ الیاس نے عمران خان کو ٹیگ کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ مایوسی ہوئی،تکلیف پہنچی اور دل ٹوٹا۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے  بڑھتے  ریپ کے واقعات کی وجوہات میں ایک وجہ بے پردگی اور فحاشی کو قرار دیا تھا۔عوام سے براہ راست کال وصول کرنے والے پروگرام میں ایک سوال  پروزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ریپ کے بارے میں حکومت نے سخت قوانین بنائے ہیں لیکن ایسے جرائم کے بڑھنے کی وجوہات کو بھی دیکھنا ہوگا اور ان میں سے ایک وجہ فحاشی کا پھیلنا ہے۔

مزیدخبریں