اسلام آباد: سندھ حکومت کی طرف سے بجلی گیس بل معاف کرنے کے معاملے پر پاور ڈویژن نے صوبائی حکومت کے اقدام پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت غیر آئینی اقدام اٹھانے سے باز رہے۔
پاور ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق بجلی گیس کے محکمے وفاق کے دائرہ کار میں ہیں، صوبائی حکومت بجلی اورگیس کے شعبے میں قانون سازی نہیں کرسکتی، وفاقی حکومت کورونا وائرس کے عوام پر اثرات سے مکمل آگاہ ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے احساس پروگرام شروع کیا گیا، وفاق کی جانب سے عوام کو بجلی گیس کے شعبوں میں سہولت فراہم کی گئی ہے۔
پاور ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق سندھ حکومت عوام کو اپنے وسائل سے اضافی ریلیف فراہم کرے، پاور ڈویژن ضرورت کے مطابق عوام کو بجلی اور گیس کے بل اقساط میں جمع کرانے کی سہولت برقرار رہے گی۔
یاد رہے کہ سندھ حکومت نے کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کا مسودہ تیار کر لیا جس کے مطابق 260 یونٹ تک بجلی کے بل معاف جبکہ 261 سے 350 یونٹ تک 25 فیصد ادائیگی ہوگی، 351 یونٹ سے 450 یونٹ تک 50 فیصد ادائیگی کرنا ہوگی۔