ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد4414 ہو گئی

ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد4414 ہو گئی
کیپشن: ملک بھر میں اب تک 44 ہزار 896 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 ہزار 414 پہنچ گئی جبکہ مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات 63 ہوگئیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 340 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں سب سے زیادہ 2171، سندھ میں 1128، خیبر پختونخوا میں 560، بلوچستان میں 212، گلگت بلتستان میں 213، اسلام آباد میں 102 جبکہ آزاد کشمیر میں 28 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 44 ہزار 896 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2737 نئے ٹیسٹ کئے گئے، مجموعی طور پر 56 فیصد کیسز دیگر ممالک سے آئے اور 44 فیصد مقامی طور پر پھیلے، اب تک 572 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 63 ہوگئی۔ سندھ میں 20، پنجاب میں 17، خیبر پختونخوا میں 20، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان میں 2 اور اسلام آباد میں ایک مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ اب تک 462 ہسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان ہسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا حکومت کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بھر پور عملی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے، ڈریپ نے کلوروکوین کے خام مال کی مقامی طور پر تیاری کی اجازت دے دی۔ ڈریپ نے پاکستان میں تیار ہونیوالے وینٹی لیٹرز کے کلینکل ٹرائلز کی بھی اجازت دے دی ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں کورونا سے بچاؤ کیلئے لاک ڈاؤن جاری ہے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں جگہ جگہ فوج اور پولیس تعینات ہے، حکومت کی جانب سے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت بھی جاری کی جا رہی ہیں۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی لاک ڈاؤن پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ نے 23 مارچ سے سیل بہارہ کہو اور شہزاد ٹاؤن کا 99 فیصد علاقہ کلیئر قرار دیتے ہوئے کھول دیا۔ متاثرہ مساجد اور محلقہ گلیاں بند رہیں گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق بہارہ کہو اور شہزاد ٹاؤن کو کھول دیا گیا ہے تاہم کوٹ ہتھیال کی متاثرہ مساجد اور اردگرد کی گلیاں بند رہیں گی، شہزاد ٹاؤن کی گلی نمبر 6 بھی بدستور بند رہے گی، 5 غیر ملکیوں کو تبلیغی جماعت کے عہدیداروں کے سپرد کر دیا گیا۔

ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ 10 افراد کو دیبالپور جانے کی اجازت دے دی گئی، تمام علاقہ کورونا کلیئر ہے، فیصلہ محکمہ صحت کی مشاورت سے کیا گیا ہے، دونوں علاقوں میں دفعہ 144 کے تحت لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔