کرکٹر ناصر جمشید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے ہٹا دیا گیا

 کرکٹر ناصر جمشید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے ہٹا دیا گیا

لاہور :  لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد قومی کرکٹر ناصر جمشید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے ہٹا دیا گیا ہے جس کے بعد اب وہ بیرون ملک بھی سفر کر سکیں گے۔ 

لاہور ہائیکورٹ نے ناصر جمشید کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ان پر 10 کی پابندی عائد کئے جانے کے بعد ای سی ایل میں نام شامل کرنا غیر قانونی ہے۔

 ناصر جمشید کا نام فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی سفارش پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔ 29 سالہ کرکٹر کا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے سیزن میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا تھا اور عدالت نے اس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ناصر جمشید پر دس سال کی پابندی عائد کی تھی۔

ناصر جمشید پر 10 سال کی پابندی عائد ہونے کے بعد پی سی بی نے ان کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی تھی تاہم جسٹس میاں حامد نے دیگر ڈیپارٹمنٹس میں کرکٹ کھیلنے سے متعلق ان پر عائد پابندی ختم کر دی تھی اور اب لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد وہ بیرون ملک بھی سفر کر سکیں گے۔