اسلام آباد: وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ ہفتے دس دن میں پاکستان کے اندر نوکریوں کی بارش ہونے والی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے بڑا دعویٰ کیا اور کہا کہ اب ملک میں نوکریاں زیادہ ہو جائیں گی اور بندے کم پڑ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چند ہفتوں میں اسٹاک مارکیٹ، پراپرٹی سیکٹر اور صنعتی شعبہ سب اچھے ہونے والے ہیں۔ حالات اتنے اچھے ہو جائیں گے کہ پان والے اور ٹھیلے والے بھی آ کر کہیں گے کہ آؤ ہم سے ٹیکس لے لو۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایسا نہ ہو سکا تو میری تکہ بوٹی کردی جائے۔ اس دوران پروگرام کے میزبان نے سوال کیا کہ رزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان تو کنگال ہو چکا جس پر فیصل واوڈا بولے کہ وہ منتخب رکن اسمبلی نہیں۔