ملتان: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان کے نظریات اور سیاست میں کوئی فرق نہیں، دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔
شجاع آباد میں ممبر سازی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف اور عمران خان کے نظریات اور سیاست میں کوئی فرق نہیں، دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ پانچ سال میں نواز شریف نے قوم کیلئے کیا کیا؟ کھلاڑی خان کو اب آپ جان چکے ہونگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی جماعت میں ایک زلزلہ آنے والا ہے، عمران خان کو اپنے اے ٹی ایم دودھ سے دھلے نظر آتے ہیں۔ عمران خان کے پاس عوام کی حمایت ختم ہو رہی ہے کیونکہ وہ ہر روز ایک نیا دھوکا اور ایک نیا یوٹرن لیتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ خان صاحب یہ آپ کا آخری اور میرا پہلا الیکشن ہوگا، ان کے تبدیلی کے نعروں نے اے ٹی ایم والوں کے حالات ضرور تبدیل کیے ہیں۔ کھلاڑی خان کے تبدیلی کے نعرے خیبر پختونخوا کی عوام کے حالات تبدیل نہیں کرسکے۔ یہ پارٹی یو ٹرن پارٹی میں تبدیل ہوچکی ہے۔