مجھے کامران کی شمولیت پر اعتراض نہیں مگر مکی آرتھر کی اپنی پلاننگ ہے،سرفراز احمد

07:49 PM, 9 Apr, 2018

کراچی : قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی کامران اکمل کی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے اپنا موقف دے دیا ہے۔سینئر وکٹ کیپر بلے باز کی قومی ٹیم میں شمولیت کے سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کامران اکمل نے پی ایس ایل میں بڑی شاندار بیٹنگ کی، میں ماضی میں کپتان بنا تو ان کو موقع دیا تھا، مجھے ٹیم میں ان کی شمولیت پر کبھی کوئی اعتراض نہیں رہا لیکن ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی اپنی سوچ اور پلاننگ ہے،وہ آج نہیں بلکہ مستقبل کی طرف بھی دیکھ رہے ہیں،کوچ نے نئے کھلاڑیوں کو مواقع دیے جنھوں نے پرفارم بھی کیا اور آئندہ بھی جو ٹیم کے لیے بہتر ہوا وہی کھیلے گا۔
یاد رہے کہ کامران اکمل گزشتہ تین سال سے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ، وہ گزشتہ سال پاکستان سپر لیگ کے ٹاپ سکورر رہے تھے اور اس سال بھی 425رنز کے ساتھ دوسر ے نمبر پر رہے تھے تاہم ہیڈ کوچ مکی آرتھر انہیں قومی ٹیم میں شامل کرنے سے گریزاں ہیں ،مکی آرتھر کے مطابق وہ اب نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دے رہے ہیں اور کامران اکمل کی فیلڈنگ بھی اتنی اچھی نہیں کہ انہیں صرف بطور بلے باز ٹیم میں شامل کیا جائے۔

مزیدخبریں