ممبئی: بالی ووڈ فلموں کے سپرہٹ گانوں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والی مایہ ناز بھارتی گلوکارہ الکا یاگنیک نے مسٹر پروفیکشنسٹ عامر خان سے متعلق ماضی کے ایک دلچسپ واقع سے پردہ اٹھاتے ہو ئے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے عامر خان کو فلم ”قیامت سے قیامت تک“ کے گانے کی ریکارڈنگ کراتے وقت روم سے باہر نکال دیا تھا ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے انٹرویو میں الکا یاگ نک نے پہلی گانے کی ریکارڈنگ کراتے وقت عامر خان سے گھبراجانے کا اعتراف کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عامر خان سے پہلی ملاقات 1988 میں فلم ”قیامت سے قیامت تک“ کے گانے کی ریکارڈنگ کے موقع پر ہوئی تھی اور اس وقت میں انہیں پہچانتی بھی نہیں تھی۔گلوکارہ کا کہنا تھا کہ فلم ”قیامت سے قیامت تک“ کے گیت ”غضب کا ہے دن“ کی ریکارڈنگ کے لیے ریکارڈنگ روم میں پہنچی تو کونے میں ایک خوبصورت نوجوان وہی گیت گنگنا رہا تھا جسے میں صرف نظر کرتے ہوئے ریکارڈنگ روم میں چلی گئی لیکن گیت کی ریکارڈنگ کے دوران وہی نوجوان (عامر خان) مسلسل مجھے گھوررہے تھے جس سے میں بہت زیادہ نروس ہوگئی تھی اور پھر میں نے انہیں کمرے سے باہر نکلوا دیا تھا۔