پی ٹی آئی جلسے کے شرکاء کا پولیس پر پتھراؤ ,ایف سی طلب کرلی گئی

07:47 PM, 8 Sep, 2024

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کےجلسے ک میں  شرکاء کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔جس سے ایس ایس پی سمیت متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔

26 نمبر  چونگی پر جلسے میں آنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے  جاری کردہ روٹ کی خلاف ورزی کی گئی۔ پولیس کے روکنے پر جلسے کے شرکاء نے پتھراؤ کیا۔

پولیس ذرائع کا  کہنا ہے کہ صورت حال    کسی  حد تک  قابو  میں ہے پی ٹی آئی کے  کارکن منتشر ہو گئے پولیس کی طرف سے شیلنگ بھی روک دی گئی ۔

ذرائع  کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس موبائل اور پولیس وین پر بھی حملہ کیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ  سے متعدد پولیس اہلکار  زخمی ہوگئے، پولیس کی جانب سے بھی جوابی شیلنگ کی گئی۔

دوسری جانب اس سے قبل  ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کو جاری این او سی کے مطابق جلسے کے اختتام کا وقت شام 7 بجے ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اختتام کے وقت کے حوالے سے جلسہ منتظمین کو باقاعدہ آگاہ کردیا گیا ہے، این او سی کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کی جائے گی، لائٹیں اور ساؤنڈ سسٹم فوری بند کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے قانونی کارروائی کے لیے بھی خبردار کردیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ  مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کا سلسلہ جاری ہے۔

حالات پر قابو پانے کے لیے اسلام آباد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری طلب کرلی گئی ہے۔

پی ٹی آئی جلسے کے شرکاء کی جانب سے اسلام آباد پولیس پر بلا اشتعال پتھراؤ پر  وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےآئی جی اسلام آباد پولیس سےرپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی ایس ایس پی شعیب خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہےکہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجےکی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے آج پی ٹی آئی کو جلسے کی مشروط اجازت دی گئی تھی جس کے تحت جلسہ7 بجے تک ختم کرنا تھا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلسہ منتطمین نے این او سی کے قواعد و ضوابط کےخلاف ورزی کی ہے، پولیس کو کارروائی کے احکامات جاری کردیے ہیں  اور جلسہ منتظمین کو بھی کارروائی سےمتعلق آگاہ کردیا ہے۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے جلسہ گاہ فوری خالی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

یاد رہے کہ ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز   کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں  کہا کہ   ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو جاری کیے گئے این او سی کے مطابق اسلام آباد میں جلسے کے اختتام کا وقت شام 7 بجے تھا .

انہوں نے  کہا کہ این او سی کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پی ٹی آئی کے منتظمین کو شام 6 بجے ایک ایڈوائزری جاری کی گئی تھی اور انہیں جلسہ ختم کرنے کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مقررہ وقت تک جلسہ ختم نہ کرنا این او سی کی خلاف ورزی تصور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایک ایکٹ پاس ہوا ہے جو این او سی کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

مزیدخبریں