فواد خان اور ماہرہ کے ڈرامہ '' ہمسفر'' کوبھارت کے تھیٹر میں پیش کیے جانے کا امکان

فواد خان اور ماہرہ کے ڈرامہ '' ہمسفر'' کوبھارت کے تھیٹر میں پیش کیے جانے کا امکان

ممبئی:ہم نیٹ ورک کے مقبول ترین ڈرامے ‘ہمسفر’ کو بھارت میں تھیٹر کی صورت میں پیش کیے جانے پر کام جاری ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کا بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ‘ہمسفر’ بہت جلد بھارت میں تھیٹر کی صورت میں پیش کیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی تھیٹر اور فلم اداکار عمران زاہد نے ‘ہمسفر’ کا تھیٹر بنانے کے لیے ہم نیٹ ورک کے منتظمین سے رابطہ کیا ہے۔ عمران زاہد کے مطابق انہوں نے مومنہ درید پروڈکشن کی بانی مومنہ درید سے ڈرامے کا تھیٹر بنانے کی قانونی اجازت مانگی ہےاور اُنہوں نے مجھے مثبت ردعمل دیا ہے۔

بھارتی اداکار نے کہا کہ میں نے اس حوالے سے سلطانہ صدیقی سے بھی رابطہ کیا ہے اور اُنہوں نے بھی تھیٹر میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ قانونی اجازت ملنے کے بعد ہی ہم ڈرامے کے تھیٹر پر کام شروع کریں گے اور اس تھیٹر میں کام کرنے والے تمام اداکار رضاکارانہ طور پر معاوضے کے بغیر کام کریں گے کیونکہ ہمارا مقصد اس تھیٹر سے پیسے کمانا نہیں ہے۔

عمران زاہد نے مزید کہا کہ اُمید ہے کہ تمام معاملات طے ہوجانے کے بعد ہم اس پراجیکٹ کو حتمی شکل دیں گے اور اُس کے بعد ہی تھیٹر کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2011ء میں ٹیلی ویژن اسکرین پر مقبولیت کے کئی ریکارڈ توڑنے والے ڈرامہ سیریل ’ہمسفر‘ میں فواد خان اور ماہرہ خان کی اداکاری آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے، یہ ڈرامہ پاکستان سمیت بھارت اور بنگلادیش میں بھی کافی مقبول ہوا تھا۔

مصنف کے بارے میں