پی ٹی آئی اسلام آباد میں آج سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے کی تیاریا ں مکمل

02:36 PM, 8 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اسلام آباد میں آج سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، سنگجانی میں جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔

 اسلام آباد کے نواحی علاقے سنگجانی میں جلسہ کیا جا رہا ہے جس کے لیے ملک کے مختلف شہروں سے کارکنوں کی آمد کا سلسلسہ جاری ہے۔سکیورٹی ہائی الرٹ6 ہزار 600 سے زائد اہلکار تعینات کر دیے گئے۔

دہشت گردی خدشات کے پیش نظر  ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت کے مطابق، جلسے کا آغاز شام 4بجے اور اختتام 7بجے ہوگا۔ خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے جلسے کے پیش نظر وفاقی پولیس نے اسلام آباد کے مختلف داخلی راستے بند کر دئیے، جی ٹی روڈ کو سنگجانی کے مقام پر کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا، روات میں ٹی چوک پر بھی کنٹینرز پہنچا دیئے گئے، جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی قیادت کو جلسے کی اجازت کے لیے ملنے والی این او سی پر سختی سے عمل درآمد کا کہا گیا ہے۔اس کے علاوہ ایکسپریس ہائی وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگا کر بند کر دی گئی، ایکسپریس ہائی وے کی بندش سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مزیدخبریں