اسلام آباد:نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری بڑھانا ہے۔
نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ نے دیگر وفاقی وزرا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری بڑھانا ہے۔ان کاکہنا تھا کہ نجکاری، ایف بی آر کی ری سٹرکچرنگ، گردشی قرض کم کرنا ایجنڈے میں شامل تھا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں ڈالر سمگلنگ، چینی اور پیٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ پر بات ہوئی، عالمی معاہدوں کو جاری رکھیں گے، جن معاہدوں سے نقصان ہو رہا ہے اس پر بات ہوئی۔
نگران وزیر اطلاعات کاکہنا تھا کہ سمگلنگ کی روک تھام پر کام کیا جا رہا ہے، ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ ،حکومتی اخراجات کو کم کرنے،غیر ملکی سرمایہ کاروں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔