پاک افغان بارڈر تیسرے روز بھی بند، ڈالر اور چینی سمگلر پریشان 

03:49 PM, 8 Sep, 2023

طور خم : پاکستان اور افغان فورسز کے فائرنگ کے سرحدی گزر گاہ طور خم تیسرے روز بھی بند رہی۔ بارڈ رپر پیدل آمدو رفت اورتجارتی سرگرمیاں بدستورمعطل  ہیں۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مال بردار گاڑیوں کو لنڈی کوتل میں روک دیا گیا ہے ۔ بارڈر بند ہونے سے ڈالر اور چینی سمگلر پریشان ہیں۔ 

طورخم میں ممنوعہ علاقے میں چیک پوسٹ کی تعمیر پر پاکستان اور افغان فورسز کے مابین فائرنگ کے بعد سرحدی گزر گاہ مسلسل تیسرے روز بھی بند رہی۔بارڈر بند ہونے کے باعث دونوں طرف ہزاروں مال بردار گاڑیاں پھنس گئی ہیں جبکہ پیدل چلنے والوں کو بھی بارڈ پار کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

 پاکستان حکام نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مال بردار گاڑیوں کو لنڈی کوتل میں روک لیا ہے ۔ بارڈ کی بندش پر مال بردار گاڑیوں کے مالکان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی سرگرمیاں معطل ہونے کے باعث دونوں ممالک کا نقصان ہورہا ہے ۔

مالکان کا کہنا ہے کہ  معاملے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کیلئے دونوں ممالک کے حکام کو مذاکرات کرنے چاہئیں ،۔تین روز قبل افغان فورسز کی جانب سے سرحد پرواقع ممنوعہ علاقے میں چیک پوسٹ کی تعمیر پر   شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا تاہم ابھی تک معاملے کا کوئی حل نہیں نکالا جاسکا ۔

مزیدخبریں