ڈینگی وائرس بے قابو، 106 نئے کیس رپورٹ

11:28 AM, 8 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: ڈینگی کے مریضوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران  پنجاب  میں 93 افراد ،  اسلام آباد میں 13 افراد میں ڈینگی کی تصدیق  ہوگئی۔

سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان خان کے مطابق رواں سال پنجاب کے 36اضلاع میں ڈینگی کے 1 ہزار 796 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔

سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب  کی جانب سے دیئے گئے اعدادو شمار کے مطابق  لاہور  میں گزشتہ روز 34 نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 715 تصدیق شدہ مریض رپورٹ ہوئے۔

 سیکرٹری ہیلتھ علی محمد جان نے بتایا کہ لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 53 مریض زیر علاج ہیں جبکہ  پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے تقریباً 81 مریض زیر علاج ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 220 ہو گئی ہے۔ روان سیزن ڈینگی سے متاثر ہونے والے مریضوں میں 72 فیصد مرد جبکہ 28 فیصد خواتین ہیں۔

ڈی ایچ او کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق  گزشتہ جوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 9 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ شہری علاقوں میں  4 افراد  ڈینگی سے متاثر ہوئے۔  

اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 149 ہو گئی جبکہ شہری علاقوں میں ڈینگی سے اب تک 71 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ 

دوسری طرف ڈینگی ٹیسٹ کروانے والے مریضوں کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں ڈینگی ٹیسٹ کے حوالے سے سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں،  مریضوں کوصرف ایک ٹیسٹ کروانے کے لیے شدید خواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 


 

مزیدخبریں