بیجنگ: چین کے صوبے سیچوان میں کورونا بے قابو ہو گیا ، صوبے کے 16 اضلاع میں لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی گئی ۔
چینی میڈیا کے مطابق صوبے میں یومیہ دو ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں ، جس کے باعث لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔
چینی حکام نے لاک ڈاؤن کو صوبہ سیچوان کے دارالحکومت چینگڈو سمیت مزید علاقوں تک بڑھا دیا ہے ، جہاں گزشتہ چند دنوں سے کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ چینگڈو 21 ملین سے زیادہ لوگوں کا شہر ہے ۔
عالمی وبا کے پیش نظر شہریوں کو ورک ایٹ ہوم کی اجازت دی گئی ہے جبکہ تفریحی اداروں کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
ادھر ، پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں کبھی اضافہ اور کبھی کمی دیکھنے میں آرہی ہے ۔ آج ملک میں کورونا سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 14 ہزار 208 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 174 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ۔
این آئی ایچ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملک میں کورونا کی مثبت شرح 1.22 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ کورونا سے متاثر 119 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔