اسلام آباد:فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف )نے پاکستان کی جانب سے اہداف کے حصول میں کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے انسداد منی لانڈرنگ سمیت بیش تر اہداف پر بہترین کارکردگی دکھائی، پاکستان کے اقدامات اطمینان بخش ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس کی ذیلی تنظیم نے پاکستان کی جانب سے ایف اے ٹی ایف اہداف کے حصول میں نمایاں کامیابیوں کا اعتراف کرلیاہے۔فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی ذیلی تنظیم ایشیاء پیسیفک گروپ نے پاکستان کو دیئے گئے اہداف پر کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں ایف اے ٹی ایف اہداف پر حکومت پاکستان کی پیشرفت اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے انسداد منی لانڈرنگ سمیت بیش تر اہداف پر بہترین کارکردگی دکھائی، انسداد منی لانڈرنگ کے لئے بہتر قوانین بنائے، اس حوالے سے پاکستان کے اقدامات اطمینان بخش ہیں،رپورٹ کے مطابق پاکستان کو دیئے گئے 40 اہداف میں سے 39 پر بہترین کارکردگی دکھائی گئی، صرف ایک ہدف جس کے حصول میں پاکستان کو خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی، پاکستان پوسٹ کو اپ گریڈ کرنے اور ادارے کے مالیاتی امور کو دستاویزی بنانے کی ضرورت ہے۔
پاکستان میں پراپرٹی کے شعبے میں مشکوک سرمایہ اب تک رپورٹ نہیں ہوئی تاہم جائیداد کی خرید و فروخت کے نام پر مشکوک سرمایہ کاری کے خلاف اقدامات کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستان نے فیٹف اہداف میں سے ایک اور ہدف میں کامیابی حاصل کرلی تھی، جس کے تحت پاکستان میں کالعدم تنظیموں اور ان کے کارندوں کیلئے پراپرٹی خریدنا ناممکن ہوگیا ہے۔