لاہور: پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 30 روپے مہنگا کر دیا گیا جس کے بعد فی کلو قیمت 65 روپے تک جا پہنچی۔
محکمہ خوراک اور فلور ملز کے درمیان لڑائی غریب کو مہنگی پڑ گئی اور 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 30 روپے مہنگا ہو گیا۔ آٹے کی فی کلو قیمت 65 روپے تک جا پہنچی جبکہ فلور ملز مالکان نے آٹے کی قیمت میں مزید اضافے کا عندیہ دیدیا۔
مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1230 روپے میں دستیاب ہے اور گندم کی سرکاری قیمت 1875 روپے فی من مقرر کی گئی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں گندم 2230 روپے فی من میں فروخت ہو رہی ہے۔
اُدھر پنجاب میں ہونے والی خود ساختہ مہنگائی پر رپورٹ وزیر اعظم پاکستان کو پیش کر دی گئی۔ گزشتہ ایک سال میں 7 اشیا خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا۔ نرخ مقرر کرنے کے باوجود مارکیٹ میں فی کلو چینی کے ریٹ میں 22 فیصد اضافہ ہوا۔ 85 روپے کلو سے ریٹ بڑھتا بڑھتا 104 روپے فی کلو تک جا پہنچا۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا 25 فیصد مہنگا ہوا اور ایک سال قبل ریٹ 860 روپے تھا جو بڑھ کر 1060 روپے ہو گیا۔
مارکیٹ میں گھی کی قیمتوں میں 23 فیصد اضافہ ہوا۔ ریٹ 230روپے سے 284 روپے فی کلو تک جا پہنچا۔ چکن 164 روپے کلو سے بڑھ کر 274 روپے کلو ہوا۔ ایک سال میں قیمت 65 اعشاریہ 2 فیصد بڑھی۔
فارمی انڈے 37 فیصد تک مہنگے ہوئے ، 118 روپے درجن سے بڑھتے بڑھتے 162 روپے فی درجن ہو گئے۔ پیاز کے ریٹس 22 فیصد تک اوپر گئے جبکہ مسور کی دال 21 فیصد تک مہنگی ہوئی۔