ہنگو: سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے 9 دہشت گرد گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
محکمہ انسداد دہشتگردی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران ہنگو کے علاقے رحمت شاہ بانڈہ افغان مہاجر کیمپ میں واقع ایک گھر سے 9 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے تین کلاشنکوف، ایک رائفل، 2 آر پی جی ،14 آر پی جی گولے، 529 کارتوس، 18 میگزین، ایک ہینڈ گرنیڈ اور ایک عدد نمبر پلیٹ کے بغیر موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں شمالی وزیرستان کے رہائشی سید ریاض، رسول محمد، سعداللہ ، ضلع بنوں کے مسعود احمد، حبیب اللہ ،عمر اور مغفوراللہ شامل ہے جب کہ لکی مروت کے فواد خان اور ضلع مہمند سے حجت اللہ بھی گرفتار ہونے والوں میں شامل ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ گرفتار دہشتگردوں کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے خصوصی تفتیشی ٹیم مقرر کی گئی ہے۔