ماسکو: روس کے وزیر یوگنی زینی شیف ایک تربیتی مشق کے دوران کیمرہ مین کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش میں زندگی کی بازی ہار گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے وزیر برائے ہنگامی صورت حال یوگنی زینی شیف نورلسک میں ایک تربیتی مشق کی نگرانی کر رہے تھے اس دوران ایک کیمرہ مین پھسل کر پانی میں گرگیا جسے بچانے کی کوشش کے دوران روسی وزیر خود ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
وزارتِ ایمرجنسی کی طرف سے جاری بیانئے میں کہا گیا ہے کہ 55 سالہ زینی شیف نے بڑے پیمانے پر مشقوں کی نگرانی کے لیے نورلسک میں نئے فائر اسٹیشن کے تعمیراتی مقام کے علاوہ علاقے میں سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کا دورہ کیا۔
اس دوران ایک کیمرہ مین پھسل کر پانی میں گرگیا جسے بچانے کے لیے وزیر نے بھی پانی میں چھلانگ لگادی اسی دوران ان کا سرزیر آب ایک پتھر سے ٹکر ا گیا اور وہ ہلاک ہوگئے ۔
یاد رہے کہ روسی وزیر زینی شیف نے 2018 میں ہنگامی حالات کی وزارت سنبھالی تھی۔