ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ

06:02 PM, 8 Sep, 2021

لاہور:  کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے پیش نظر حکومت پنجاب کے محکمہ محنت نے اہم ترین فیصلہ کرلیا۔ جس کے تحت ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد پر نئی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

 صوبائی حکومت کے محکمہ محنت نے فیصلہ کیا ہے کہ ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد صنعتی اداروں میں کام کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔

اس سلسلے میں صوبائی وزیر محنت عنصر مجید خان نے باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کردیا ہے۔

پنجاب کے وزیر محنت عنصرمجید خان کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 30 ستمبر کے بعد بنا ویکسینیشن کام کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

صوبائی حکومت کی جاری کردہ ہدایت کے تحت ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد فیکٹریوں، کارخانوں اور ‏صنعتی اداروں میں کام نہیں کرسکیں گے۔

صوبائی وزیر محنت کے مطابق صنعتی اداروں کے مالکان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی ویکسینیشن کرائیں۔

پنجاب کے وزیر محنت عنصر مجید خان کے مطابق محکمہ محنت کے افسران تمام کاروباری اداروں کا وزٹ کریں گے ا ور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی ہو۔

مزیدخبریں