سعودی عرب نے عمرہ زائرین کی تعداد بڑھا دی

05:23 PM, 8 Sep, 2021

ریاض : سعودی عرب نے درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے زائرین عمرہ کی یومیہ تعداد بڑھا کر 70 ہزار کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اب یومیہ بنیادوں پر 70 ہزار زائرین عمرہ کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

سعودی حکام کی جانب سے عمرہ زائرین کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ بڑھتی ہوئی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ نئے حکم نامے کے تحت عمرہ ادائیگی کا اجازت نامہ 15 روز بعد جاری کرایا جاسکتا ہے جبکہ مسجد نبوی میں روضہ شریف کا اجازت نامہ ایک ماہ بعد ہی جاری ہو گا۔

سعودی حکام نے واضح کیا کہ اعتمرنا ایپلی کیشن کے ذریعے ایک وقت میں ایک سے زیادہ اجازت نامہ جاری نہیں ہو گا۔

خیال رہے کہ عمرہ اور نماز کے اجازت نامے مقامی شہری، مقیم غیرملکی اور وزٹ ویزا ہولڈر توکلنا ایپ میں اپ ڈیٹ کے بعد جاری کرا سکتے ہیں۔ اعتمرنا ایپ کے ذریعے جاری ہونے والے کسی بھی اجازت نامے پر کوئی فیس نہیں ہے، تمام اجازت نامے مفت ہیں۔

مزیدخبریں