بجلی کے 37 دن کے بل بھجوانا دن دیہاڑے ڈکیتی کے مترادف ہے: مریم اورنگزیب

03:45 PM, 8 Sep, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 8 ماہ میں 36 اور 37 دن کے بجلی کے بل بھجوانا دن دیہاڑے ڈکیتی کے مترادف ہے جبکہ ایسی ہی واردات اس سے پہلے گیس کے بلوں کے ذریعے بھی کی گئی تھی۔جس میں کروڑوں روپے عوام کی جیبوں سے نکلوا ئے گئے تھے ۔ 
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) قوانین کی خلاف ورزیوں کے سکینڈل پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان صاحب کی قیادت میں ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج مسلط ہے اور عوام کو مختلف طریقوں سے لوٹا جا رہا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں ہر طرح اور ہر طریقے سے عوام کو لوٹا جا رہا ہے، غریب عوام کی جیب کا یہ حربہ عمران خان کے مجرمانہ ذہن کی ایجاد ہے؟ایسی ہی واردات اس سے پہلے گیس کے بلوں کے ذریعے بھی کی گئی تھی۔ 
واضح رہے کہ بجلی سپلائی کمپنیوں کی جانب سے نیپرا قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی کرتے ہوئے صارفین کو 31 دن کی بجائے 37 دن کا بل بھیج کر عوام سے زائد رقم وصول کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ 
گزشتہ 8 ماہ کے دوران ملتان، سکھر، کراچی، لاہور، حیدر آباد، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے لاکھوں صارفین کو بجلی کے بل طے شدہ 31 روز کے بجائے 37 روز کی بنیاد پر کئی بار بھیجے گئے۔ 
صارفین کیلئے 31روز میں 300 یونٹ کا بل 3200 روپے بنتا ہے لیکن جب محکمے کی طرف سے بل 37 دن کے بعد بھیجا جاتا ہے تو صارف کے استعمال کردہ یونٹ 300 سے بڑھ جاتے ہیں اور ریٹ سلیب بھی تبدیل ہوجاتا ہے جس سے صارفین کو کئی گنا زیادہ بل ادا کرنا پڑتا ہے۔ 
ان کمپنیوں میں سے بعض نے تو 35 سے 37 دن تک کے بل بھی صارفین کو بھیجے جوکہ نیپرا کے اس قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں ایک مہینے میں زیادہ سے زیادہ 31 دن کی استعمال شدہ بجلی کا بل بھیج سکتی ہیں۔

مزیدخبریں