اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک میں شرح خواندگی میں اضافہ کے لئے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ، اس حوالے سے تمام فریقین کو مل کر کام کرنا ہوگا ۔
خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ شرح خواندگی میں اضافے کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا ۔ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے خواندگی کی شرح میں اضافہ ضروری ہے ۔ موجودہ حکومت شرح خواندگی کے تناسب میں اضافے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے ۔
اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں تعلیم کا فروغ اور شرح خواندگی کو سو فیصد تک لانا موجودہ حکومت کا وژن ہے ۔ ملک میں شرح خواندگی میں اضافے کے لیے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔ ملک میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہو گا ۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ملک میں یکساں تعلیمی نظام کا نفاذ قابل ستائش ہے ۔ یکساں تعلیمی نظام کا نفاذ شرح خواندگی میں اضافے میں معاون ثابت ہو گا ۔ ماضی میں شرح خواندگی میں اضافے پر توجہ نہیں دی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت شرح خواندگی میں اضافہ ہو گا اور پاکستان کا شمار خواندگی کی شرح میں سر فہرست ممالک میں ہوگا ۔