افغانستان میں ہونیوالی تبدیلیوں کا جائزہ لے رہے ہیں: شاہ محمود قریشی

02:43 PM, 8 Sep, 2021

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ طالبان نے عبوری کابینہ کا اعلان کیا ہے ۔ افغانستان میں ہونیوالی تبدیلیوں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔

افغانستان کے چھ ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یقینی بنایا جائے افغان سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہوگی ، عالمی برادری مشکل وقت میں افغانستان کا ساتھ دے ۔ افغانستان کے حوالے سے نئے چیلنجز کا سامنا ہے ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں تبدیلی ایک حقیقت ہے ۔ افغانستان سے متعلق تمام پیشگوئیاں غلط ثابت ہوئیں ۔ افغانستان کے عوام 40 سال سے مشکلات کا شکار ہیں ۔ افغانستان میں کوئی خونریزی نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ افغان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔ ہمیں افغانستان اور وہاں کے عوام کیساتھ تعاون کرنا ہوگا ۔

واضح رہے کہ یہ اجلاس افغانستان کے ہمسایہ ممالک کو پرامن اور مستحکم افغانستان کے مشترکہ مقصد کے لیے مل کر کام کرنے کا موقع فراہم کرے گا ، جو کہ مضبوط اقتصادی روابط قائم کرنے کے لیے ضروری ہے ۔

افغانستان کے پڑوسی ممالک امن و استحکام میں اہم حصہ دار ہیں ۔ ایک پرامن ، مستحکم ، متحد ، خودمختار اور خوشحال افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ ، عوامی سطح پر تبادلوں اور خطے میں سیکورٹی کے لیے اہم کردار ادا کرے گا ۔

مزیدخبریں