آئی فون کا نیا ماڈل مارکیٹ میں لانچ کے لئے تیار

02:02 PM, 8 Sep, 2021

لندن :  ایپل کے نئے آئی فونز کے منتظر افراد کا انتظار ختم ۔ کمپنی کی جانب سے آئی فون 13سیریز کے فونز کی تاریخ رونمائی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کمپنی کی جانب سے ایک ایونٹ کے دعوت نامے ارسال کردیئے گئے ہیں جو 14 ستمبر کو آن لائن منعقد ہوگا، اس دعوت نامے میں کچھ زیادہ اشارے نہیں ملتے مگر مہینوں سے لیکس اور افواہیں سامنے آرہی ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ نئے آئی فونز اس ایونٹ میں پیش ہوں گے۔

آئی فون 13 (یا جو بھی کمپنی کی جانب سے اس کا نام رکھا جائے گا) بنیادی طور پر گزشتہ سال کے آئی فون 12کے اپ ڈیٹ ورژن ہوں گے اور بہت زیادہ مختلف ہونے کا امکان نہیں۔

مختلف رپورٹس کے مطابق اس بار آئی فونز کا نوچ چھوٹا ہوگا جبکہ آل ویز آن 120 ہرٹز ریفریش ریٹ والے ڈسپلے بھی پہلی بار ایپل کے فلیگ شپ فون کا حصہ بن سکتے ہیں۔

 غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فون میں پہلے سے بہتر کیمرا سیٹ اپ بھی ڈیوائسز کا حصہ ہوگا جبکہ اے 15 پراسیسر اور پہلے سے کچھ بڑی بیٹری بھی ان فونز میں موجود ہوگی۔

ایسی افواہیں بھی ہیں کہ اس بار آئی فونز میں سیٹلائیٹ کال سپورٹ کا فیچر ہوسکتا ہے مگر ممکنہ طور یر یہ مخصوص علاقوں میں ایمرجنسی استعمال تک محدود ہوگا۔

سابقہ لیکس کے مطابق 2021 میں بھی چار نئے آئی فونز متعارف ہوں گے جن میں 5.4 انچ کا آئی فون 13 منی، 6.1انچ کا آئی فون 13، 6.1 انچ کا آئی فون ون پرو اور 6.7 انچ کا آئی فون 13 پرومیکس شامل ہوں گے۔

آئی فونز کے ساتھ اس ایونٹ میں ایپل واچ سیریز7 کو بھی پیش کیا جائے گا جبکہ آئی پیڈز اپ ڈیٹس بشمول آئی پیڈ منی ری ڈیزائن کو بھی متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

مزیدخبریں