لاہور: پنجاب کے نئے آئی جی راؤ سردار علی خان نے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو پولیس ملازم اور افسر کام چور ہوگا، کرپشن کرتے پکڑا گیا اسے نوکری سے فارغ کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تھانوں میں لوگوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں ہو رہا۔ محکمے میں احتساب کا عمل مزید سخت ہوگا، اب جو کام کریگا، وہ محکمے میں رہے گا۔ افسران اور اہلکاروں کے درمیان خلا دور کیا جاٸے گا، ٹیم ورک کے ساتھ کام کریں گے۔
راؤ سردار علی خان کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کا میں بے حد مشکور ہوں جنہوں نے یہ اہم ذمہ داری مجھے سونپی اور مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس تھانوں میں سب سے بڑا مسئلہ رویوں کا ہے۔ کوئی پولیس افسر قبضہ مافیہ کی معاونت کرے گا تو اسے معاف نہیں کیا جائے گا۔ پولیس تمام محکموں کیساتھ مل کر قبضہ مافیا کا خاتمہ کرے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ جھوٹی ایف آئی آر درج کرانے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ گزشتہ دنوں لا اینڈ آرڈر صورتحال پر پولیس کا رویہ درست نہیں تھا۔ جرائم کی روک تھام کیلئے حکمت عملی اپنائیں گے۔ پولیس کے رویے میں بہتری کیساتھ تمام خرابیوں کو دور کرینگے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ قبضہ گروپ کے ساتھ پارٹنر شپ، دوستی اور ملی بھگت کرنے والا اب محکمہ کا حصہ نہیں ہو گا۔ پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانا،عوام کو تحفظ دینا، ظالم کو گرفتار کرنا اور مظلوم کو انصاف دینا ترجیحات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس سٹیشنز کی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے۔ تھانہ میں آنے والے سائل کو انصاف فراہم کرنا ہوگا۔ پولیس کے روایتی کلچر کو بہتر کروں گا۔ جرائم پیشہ افراد کو سلاخوں کے پیچھے کرنا ہی پولیس کی ڈیوٹی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے انسپکٹر جنرل پولیس راؤ سردار علی خان نے اہم ملاقات کی تھی۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی کو صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، کسی قسم کا دباؤ قبول نہ کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ میرٹ اور قانون کی بالا دستی کو ہر صورت یقینی بنائیں، عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری اور اولین فرض ہے۔ پولیس کو امن وعامہ کی فضا کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے مزید جانفشانی سے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تھانوں میں عام آدمی کی داد رسی کیلئے پولیس کو فعال انداز میں کام کرنا ہے۔ پولیس کو قیام امن کیلئے عوام کی توقعات پر ہر صورت پورا اترنا ہوگا۔
آئی جی پنجاب نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ پولیس نظام میں بہتری کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے، ہر کام میرٹ اور انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔