کرپشن میں سزا یافتہ کھلاڑیوں پر قومی ٹیم کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند ہونے کا قوی امکان

12:58 PM, 8 Sep, 2021

لاہور: کرپشن میں سزا یافتہ کھلاڑیوں پر قومی ٹیم کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند ہونے کا قوی امکان ہے جبکہ اینٹی کرپشن کوڈ کو بھی مزید سخت بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق نامزد چیئرمین رمیز راجہ گورننگ بورڈ ممبران سے منظوری کے بعد کرکٹ میں کرپشن پر سزا پانے والے کھلاڑیوں کی قومی ٹیم میں ہمیشہ کیلئے عدم شمولیت سے متعلق پریس کانفرنس میں باقاعدہ اعلان کر سکتے ہیں جبکہ اینٹی کرپشن کوڈ کو بھی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق اس نئی صورتحال کے باعث فاسٹ باؤلر محمد عامر،اوپنر شرجیل خان اور مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کا مستقبل تاریک دکھائی دے رہا ہے کیونکہ یہ تینوں کھلاڑی کرکٹ میں کرپشن کرنے پر سزا پا چکے ہیں۔ 
فاسٹ باؤلر محمد عامر اور شرجیل خان سزا پوری کر کے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا بحالی پروگرام مکمل کرنے کے بعد دوبارہ سے قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ عمر اکمل پی سی بی کا بحالی پروگرام مکمل کرنے میں مصروف ہے۔ 
سابق کپتان اور نامزد چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ متعدد مرتبہ اپنے بیانات میں کرپٹ کرکٹرز کی قومی ٹیم میں واپسی کی کھل کر مخالف کرچکے ہیں، لہٰذا انہوں نے نئی گائیڈ لائنز سے پی سی بی حکام اور کپتان بابر اعظم کو بھی اعتماد میں لے لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ سلیکشن کیلئے کسی بھی ایسے کرکٹر کو زیر غور نہیں لایا جائے گا جس کا نام کرپشن میں آیا ہو، ان حالات میں کرکٹ میں واپسی کیلئے مصباح الحق اور وقاریونس کی رخصتی کا انتظار کرنے والے محمد عامر کا کم بیک بھی مشکل ہوجائے گا۔

مزیدخبریں