افغان مسئلے پر چھ ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج ہوگا

Foreign ministers, six neighboring countries, Pakistan, Afghan issue, Shah Mahmood Qureshi

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر ،افغان مسئلے پر افغانستان کے چھ ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہو رہا ہے ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اجلاس کی صدارت کریں گے ، جس میں چین ، ایران ، تاجکستان ، ترکمانستان اور ازبکستان شرکت کریں گے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ مشترکہ چیلنجوں سے نمٹا جا سکے اور علاقائی استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے نئے مواقع کا ادراک کیا جا سکے ۔

یہ اجلاس افغانستان کے ہمسایہ ممالک کو پرامن اور مستحکم افغانستان کے مشترکہ مقصد کے لیے مل کر کام کرنے کا موقع فراہم کرے گا ، جو کہ مضبوط اقتصادی روابط قائم کرنے کے لیے ضروری ہے ۔

افغانستان کے پڑوسی ممالک امن و استحکام میں اہم حصہ دار ہیں ۔ ایک پرامن ، مستحکم ، متحد ، خودمختار اور خوشحال افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ ، عوامی سطح پر تبادلوں اور خطے میں سیکورٹی کے لیے اہم کردار ادا کرے گا ۔