کورونا ویکسین نہیں لگوائی تو ٹکٹ بھی نہیں ملے گا، پاکستان ریلوے کا اعلان

10:00 AM, 8 Sep, 2021

لاہور: پاکستان ریلوے نے 15 ستمبر سے کورونا ویکسین کی ایک خوراک نہ لگوانے والے مسافروں کو ریلوے ٹکٹ جاری نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 
پاکستان ریلوے کے ترجمان کے مطابق ریلوے سٹیشنز پر ایس او پیز کے مطابق چیکنگ کا نظام موثر بنایا گیا ہے جبکہ 15 ستمبر سے کورونا ویکسین کی ایک خوراک اور 15 اکتوبر سے مکمل ویکسی نیشن والے مسافروں کو ہی ریل گاڑی پر سفر کرنے کی اجازت ہو گی۔ ترجمان ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے ملازمین کیلئے بھی 15 ستمبرتک کورونا ویکسین کی ایک اور15 اکتوبرتک دوسری خوراک لگوانا لازم ہے۔ 
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ مہینے کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کیلئے نئی پابندیوں کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت لاہور میں یکم ستمبر سے کورونا ویکسی نیشن نہ کروانے والے افراد کو پیٹرول کی فروخت بھی بند کی جا چکی ہے اور اس سے قبل ضلعی انتظامیہ نے پیٹرول پمپس پر بینر ز بھی آویزاں کئے تھے۔ 
پیٹرول پمپس پر آویزاں بینرز پر لکھا گیا تھا کہ یکم ستمبر 2021ءسے کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کو پیٹرول نہیں ملے گا، یکم ستمبر سے پیٹرول صرف کورونا ویکسی نیشن کروانے والوں کو ہی دیا جائے گا۔ دوسری جانب موٹر وے پولیس نے بھی موٹر ویز اور ہائی ویز پر کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔ 

مزیدخبریں