راولپنڈی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 17 ستمبر سے ہوگا۔
دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے جس کی تیاری کے لئے دونوں سکواڈز راولپنڈی کے بائیو سیکیور ماحول میں ٹریننگ کریں گے۔
میزبان سکواڈ 8 ستمبر کو لاہور سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوگا جہاں ہوٹل پہنچنے پر ان کی آرائیول کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی جائے گی۔ کورونا ٹیسٹ کروانے کے بعد سکواڈ میں شامل تمام ارکان روم آئسولیشن میں چلے جائیں گے۔
ایک روز آئسولیشن میں گزارنے اور کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے کی صورت میں قومی کرکٹ ٹیم 10 ستمبر سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔ مہمان ٹیم 11 ستمبر کو چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچے گی۔
نیوزی لینڈ کے ٹی ٹونٹی کرکٹرز ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسلام آباد پہنچیں گے۔ ہوٹل میں کی جانے والی آرائیول کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے نتائج منفی آنے اور ایک روز روم آئسولیشن میں گزارنے پر مہمان ٹیم کے ون ڈے سکواڈ کو 13 ستمبر سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔
دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ 17، دوسرا 19 اور تیسرا 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ابراہیم بادیس قومی کرکٹ ٹیم کے میڈیا منیجر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے میڈیا منیجر جیمز بینیٹ ہونگے۔
میزبان ٹیم 8 ستمبر کو ہوٹل پہنچی گی۔ 9 ستمبر کو صبح 11:30 بجے قومی ون ڈے سکواڈ میں شامل ایک رکن ورچوئل میڈیا سیشن میں شرکت کرے گا۔
10 ستمبر کو شام 4:30 بجے سے 7:30 بجے تک قومی کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ سیشن ہوگا۔ 11 ستمبر کو دوپہر 2 بجے نیوزی لینڈ ٹیم اسلام آباد پہنچے گی۔
شام 4:30 بجے سے رات 7:30 بجے تک قومی کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ سیشن ہوگا۔ 12 ستمبر کو صبح 11:30 بجے نیوزی لینڈ سکواڈ میں شامل ایک رکن ورچوئل میڈیا سیشن میں شرکت کرے گا۔
دوپہر 2:30 بجے پاکستان کا انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ ہوگا۔ 13 ستمبر کو شام 4:30 بجے سے رات 7:30 بجے تک پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ٹریننگ سیشنز ہوں گے۔
14 ستمبر کو شام 4:30 بجے سے رات 7:30 بجے تک پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ٹریننگ سیشنز ہونگے۔ 15 ستمبر کو نیوزی لینڈ کا انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ شام 6:30 بجے سے رات 9:30 بجے تک ہوگا۔
16 ستمبر کو صبح 11:30 سے 12 بجے تک دونوں ٹیموں کے کپتان پری سیریز ورچوئل میڈیا سیشن میں شرکت کریں گے۔
دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز کے تمام میچز دوپہر 2:30 بجے شروع ہوں گے۔ 22 ستمبرکو دونوں اسکواڈز کی لاہور کے لئے روانگی ہوگی۔